ایل پی جی 8 روپے کلو مہنگی، یکم جنوری سے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان
لاہور(نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں آٹھ روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا، گھریلو سلنڈر سو روپے اور کمرشل چار سو روپے مہنگا ہوگیا، نئی قیمتوں پر فوری عمل ہوگا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت میں ستاون ڈالر فی ٹن اضافے کو جواز بنا کر مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، جس کے بعد فی کلو قیمت آٹھ روپے، گھریلو سلنڈر سو روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت چار سو روپے بڑھادی، حالیہ اضافے کے بعد کراچی میں ایل پی جی کی نئی قیمت پچاسی روپے فی کلو، لاہور، قصور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ اور پشاور میں نوے روپے، حیدرآباد، رحیم یار خان اور اٹک میں پچانوے روپے، میرپور آزادکشمیر میں سو روپے، راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور فاٹا میں ایک سو دس روپے، گلگت بلتستان، مری، بالاکوٹ اور نتھیاگلی میں ایک سو بیس روپے فی کلو ہوگئی۔ ادھر یکم جنوری سے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے جائزہ مذاکرات کے تحت پہلے مرحلے میں تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں حکومت کی جانب سے یکم جنوری 2016ءسے گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔
ایل پی جی مہنگی