پشاور، نوشہرہ، ٹانک، ڈی آئی خان دیر، مالا کنڈ میں زلزلے کے جھٹکے
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.2ریکارڈ کی گئی۔ ڈی آئی خان، اپر دیر، لوئر دیر، مالا کنڈ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ پشاور میں دفاتر اور گھروں سے لوگوں کو باہر نکلنے کی ہدایت کی گئی، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر سڑکوں اور گلیوں میں نکل آئے۔ ڈی آئی خان اور مالا کنڈ میں زلزلے سے چشمہ روڈ پر دراڑیں پڑ گئیں۔ نوشہرہ، ٹانک اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر اور مرکز کوہ سلیمان تھا۔علاوہ ازیں این ڈی ایم اے کے مطابق 26 اکتوبر کے بعد اب تک ملک میں زلزلہ کے 85جھٹکے آ چکے ہیں جن کی شدت 2.2 تا 5.3ریکارڈ کی گئی ہے۔ پانچ ہیلی کاپٹر مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں ہیلی کاپٹر ابھی تک امدادی کارروائی کرتے ہوئے 94چکر لگا چکے ہیں تین عدد ریلیف کیمپ اور 27ایسے مقامات بنائے گئے ہیں جہاں سے متاثرین میں اشیا تقسیم ہو رہی ہیں۔ زلزلہ متاثرین کی تصدیق کا عمل بھی شروع ہے ۔ این ڈی ایم اے کی ٹیمیں پہلے سے مالاکنڈ ڈویژن میں موجود ہیں جو امدادی مہم کی نگرانی کر رہی ہیں۔آن لائن کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 26 اکتوبر کے زلزلے کے بعد سے اب تک 87 آفٹر شاکس آچکے ہیں۔ اگلے 72گھنٹوں کے دوران زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ اسلام آباد سمیت ژوب، کوئٹہ، سرگودھا اور چند ایک دیگر مقامات میں گرج چمک کیساتھ بارش ہوسکتی ہے۔