کوشش ہے سردی بڑھنے سے پہلے زلزلہ متاثرین کے گھر دوبارہ تعمیر کر دیں‘ اقتصادی راہداری منصوبہ وقت پر مکمل کرینگے : نوازشریف
باجوڑ + تیمرگرہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کا ضیاع بڑا نقصان ہے، امدادی رقوم اور سامان کی جلد فراہمی کو یقینی بنایا جائے، زلزلہ متاثرین کے مکانوں کی شدید سردی سے پہلے دوبارہ تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے ہماری کوشش ہے شدید سردی سے پہلے متاثرین اپنے گھروں میں ہوں متاثرین کی مشکلات میں کمی کے لیے امدادی چیک تقسیم کر رہے ہیں چیک کی رقم منگل تک مل جائے گی خواہش ہے کہ امدادی رقوم جلد سے جلد متاثرین میں تقسیم کر دی جائیں۔ باجوڑ کی تحصیل خار میں متاثرین زلزلہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بہت دکھ اور افسوس ہے اللہ تعالی سے دعا ہے کہ جاںبحق ہونے والے افراد کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے میں متاثرین کے دکھوں کے ازالے کے لیے آیا ہوں متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں متاثرین کی مشکلات میں کمی کے لیے امدادی چیک تقسیم کر رہے ہیں متاثرین کی امداد کے لیے کام شروع کر رہے ہیں مکمل اور جزوی تباہ ہونے والے گھروں کے لیے امدادی پیکج طے کر لیا ابھی کافی کام باقی رہتا ہے ہمارا شروع میں خیال تھا کہ تین چار دن کے اندر امدادی رقوم کا کام مکمل ہو جائے گا لیکن اب اندازہ ہوا ہے کہ یہ کام تین چار نہیں قریباً 15دنوں تک مکمل ہو گا بڑی خوشی کی بات ہے کہ گورنر کے پی کے سردار مہتاب عباسی نے اس کام میں خصوصی دلچسپی لی وہ خصوصی اہتمام کر رہے ہیں کہ قبائلی علاقوں اور جہاں جہاں زلزلے سے نقصان ہوا ہے وہاں فوری طور پر امداد پہنچائی جائے متاثرین کو ملنے والے چیک ساتھ ہی کیش بھی ہوں گے رقم دینے کا ہم نے اہتمام کر رکھا ہے اللہ تعالی کا شکر ہے کہ زلزلے سے کم جانی نقصان ہوا ہے ورنہ جس وسیع پیمانے پر زلزلہ آیا ہے خدانخواستہ جانی نقصان زیادہ ہو سکتا تھا لیکن اللہ تعالی نے اس قوم پر بڑا کرم کیا ہے جائیداد کے نقصان کو بھی پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں بہت سے متاثرین ایسے ہیں جو بہت غریب ہیں مالی مدد سے ان کو کچھ نہ کچھ آسرا ہو گا میں وزیراعلی گورنر، صوبائی حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کا مشکور ہوں جنہوں نے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے ہاتھ بٹایا میں چیف سیکرٹری، فوج کے افسروں اور جوانوں کا بھی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے سروے کرنے کے لیے ہماری بڑی مدد کی ہم مشکل وقت میں زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں زلزلہ متاثرین کی جلد بحالی کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے ۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے زلزلہ زدگان میں چیک تقسیم کئے۔ تیمرہ گرہ میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ متاثرین کی امداد میں بھر پور تعاون پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف، خیبر پی کے حکومت کے شکر گزار ہیں۔ امدادی رقم جانوں کا نعم البدل نہیں تاہم حکومت متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ گئے، جہاں انہیں متاثرین سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف نے امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم جانوں کا ازالہ نہیں کرسکتی، زلزلہ زدگان کا غم اور دکھ بھلایا نہیں جاسکتا۔ شمالی علاقوں میں سردی کا موسم آنے سے قبل امدادی رقوم کی تقسیم چاہتے ہیں تاکہ زلزلہ متاثرین جلد سے جلد اپنے گھروں کی تعمیر کرسکیں، متاثرین کو سردی کی شدت اور مشکلات سے بچانا چاہتے ہیں۔ لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ میں وزیر اعظم کو زلزلہ متاثرین اور امدادی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی، وہ 203 خاندانوں میں امدادی چیک بھی تقسیم کریں گے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 250 ، زخمیوں کی ایک ہزار 756 ہے۔ ضلع شانگلہ میں 50، سوات میں37، چترال میں 32، دیر لوئر میں 25 اور تورغر میں 20 افراد جاںبحق ہوئے۔ اب تک 25 ہزار 636 مکان گرنے کی رپورٹ ملی ہے مختلف علاقوں کے 495 سکول بھی مکمل تباہ ہوئے۔ تیمر گرہ کے دورہ کے موقع پر وزیراعلی خیبرپی کے پرویزخٹک اور گورنر بھی موجود تھے، وزیراعظم کو زلزلہ سے متاثرہ علاقوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، جی او سی سوات میجر جنرل نادر نے بتایا کہ مالاکنڈ میں 44 ہزار مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا، 15 ہزار مکان تباہ ہوئے۔ جی او سی سوات نے وزیراعظم کو بتایا کہ زلزلہ متاثرین میں 20 ہزار کمبل اور 25 ہزار خیمے تقسیم کئے گئے ہیں۔ لوئردیر میں بھی زلزلے سے مکان تباہ ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ علاقے میں آنے والی تباہی پر افسوس ہے، متاثرہ افراد کی مشکلات کم کرنے کے لئے امداد دی جا رہی ہے جن کے مکان تباہ ہوئے ان کی مدد فوری ہونی چاہیے۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی پیشرفت اور سی پیک کے تحت ریلویز کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ سی پیک منصوبوں کے بارے میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبے خطے میں گیم چینجر ثابت ہونگے۔ ان منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ ہفتہ وار بنیادوں پر منصوبے پر کام کی رفتار کا خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست، سٹرٹیجک پارٹنر ہے۔ انہوں نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی چینی کارکنوں کی حفاظت کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے، چینی ماہرین کی سکیورٹی بڑھا کر اس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، اس حوالے سے غفلت نہ برتی جائے۔ وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریلویز کے منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سکھر ریلوے سٹیشن کو سی پیک کے تحت آنے والے منصوبوں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ نارووال دوسرے ریلوے سٹیشنز کی اپ گریڈیشن میں مقامی تعمیراتی ورثہ کا خیال رکھا جائے گا۔ نارووال ریلوے سٹیشن کی عمارت 18 ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ ریلوے سٹیشنوں کے ارد گرد کی زمین کا کمرشل استعمال کیا جائے گا۔ شاپنگ مالز، ہوٹل، سینما گھر اور فوڈ سٹریٹس قائم کی جائینگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی مظفر آباد، اسلام آباد ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے کا جلد تعمیراتی اور فنانشل منصوبہ تیار کر کے پیش کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ راہداری منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، تجارتی سرگرمیاں بڑھانے اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی، ہفتہ وار بنیادوں پر منصوبے پر کام کی رفتار کا خود جائزہ لوں گا، جلد منصوبے کے مغربی روٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کروں گا۔ اس منصوبے کی جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کے مکمل ہونے کی تاریخوں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے سینیگال کے وزیر خارجہ منکیور نیائے نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔