• news

آرمی چیف سے امریکی جنرل کی ملاقات‘ پاکستان افغانستان مربوط سرحدی رابطوں پر زور

راولپنڈی/ جہلم (این این آئی+ آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے ہر فوجی کی پیشہ ورانہ استعداد کے فروغ کیلئے تربیت نہایت اہم جزو ہے اور یہ سونپے گئے مشنز کی تکمیل میں ہمارا طرہ امتیاز رہنا چاہئے، شوٹنگ مقابلے سے نہ صرف نوجوان ٹیلنٹ کو آگے آنے بلکہ نشانہ بازوں اور سنائپرز کی تربیت کا موقع بھی میسر آیا ہے جو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہے ہیں، نشانہ بازی کے مزید مقابلوں کا انعقاد کر کے سویلین افراد کی شرکت بڑھائی جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جہلم کے قریب آرمی کی نشانہ بازی فائرنگ رینجز کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 36ویں مرکزی نشانہ بازی مقابلے کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جو ملک میں شوٹنگ کا سب سے بڑا مقابلہ ہے اور اس مرتبہ 5 سال کے وقفے سے منعقد کیا گیا ہے۔ نشانہ بازی کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 800 نشانہ بازوں نے حصہ لیا جن میں ملک بھر سے 28 ٹیمیں شریک ہوئیں ان ٹیموں میں 33 سویلینز بھی شامل تھے۔ نیوی، ایئرفورس، فرنٹیئر کور، رینجرز، کوسٹ گارڈز، گلگت بلتستان سکاﺅٹس اور پولیس کی ٹیموں نے چار ہفتے تک جاری رہنے والے مقابلوں کے دوران 22 ایونٹس میں حصہ لیا۔ پاکستان آرمی انٹر سروسز فائرنگ مقابلے میں فاتح رہی اور چمپئن قرار پائی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے جیتنے والوں اور رنرز اپ میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کئے۔ ان مقابلوں میں چار نئے پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن قومی ریکارڈز بھی قائم کئے گئے۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے نشانہ بازوں کو انکی نشانہ بازی کے شاندار معیار پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر تربیت کاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ آن لائن کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ شوٹرز کا کردار دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن ہے۔ پاک فوج و سویلین اداروں کیساتھ ملک ملک کو دہشت گردی سے پاک کرانے کیلئے تربیتی مقابلے کئے جانے چاہئیں۔ مزیدبرآں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے افغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ کمانڈر جان کیمبل نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک افغان سرحد پر مربوط رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سلامتی بالخصوص افغان سرحد کے آر پار تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف/ ملاقات
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن