• news

انتخابی رنجش: بوریوالا، گھوٹکی میں 2 افراد قتل: فیصل آباد، زخمی نوجوان بھی چل بسا

فیصل آباد+ چھانگا مانگا+ بوریوالا (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) انتخابی رنجش پر بوریوالا اور گھوٹکی میں ایک، ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ فیصل آباد میں زخمی دوسرا نوجوان بھی چل بسا۔ فیصل آباد میں 31 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کے روز کوریاں پل سمن آباد کے قریب انتخابی ریلی پر فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا دوسرا نوجوان بھی چل بسا اور اس طرح جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہو گئی۔ تحریک انصاف کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جو مبشر نامی شخص موقع پر ہلاک ہوا تھا وہ بھی ہمارا کارکن تھا اور اب زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہونیوالا 17سالہ عدنان بھی تحریک انصاف کا جاں نثار کارکن تھا۔ عدنان کی ہلاکت پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور عہدیداروں نے سمندری روڈ سمن آباد کے قریب ٹائروں کو آگ لگا کر مظاہرہ کیا اور کہا ہمارے نہتے کارکنوں کو مسلم لیگ(ن) کی طرف سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 6افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ جس کا تھانہ ڈی ٹائپ کالونی میں وزیر مملکت عابد شیر علی اور ایم پی اے طاہر جمیل سمیت 30افراد کے خلاف نامزد انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق مخالف امیدوار کی گلی میں جیت کر ریلی نکالنے والے کونسلر اور مخالف امیدوار کے حمایتیوں کے درمیان تصادم میں پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے، پولیس نے مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کیا، 44 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ دریں اثناء فیصل آباد میں جاں بحق ہونے والے دوسرے کارکن عدنان کی نماز جنازہ پیپسی گرائونڈ پل کوریاں میں ادا کئی گئی۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے بھی شرکت کی۔ رانا ثناء اﷲ خاں نے عدنان کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تسلی دی اور فائرنگ کے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں انصاف ملے گا۔مدینہ ٹاؤن بسم اللہ چوک انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری کی دکان پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے بلدیاتی الیکشن ہارنے پر ابیتو طرز پز حملہ کیا، ڈنڈوں سوٹوں کے وار سے تاجر رہنما زخمی کر دیا، دکان میں توڑپھوڑ بھی کی گئی۔ بورے والا، ساہوکا سے نامہ نگار کے مطابق سیاسی رنجش پر دو گروہوں میں تصادم میں ایک شخص قتل 3 شدید زخمی ہو گئے۔ ہارنے والے گروہوں کی فائرنگ سے شاہد جٹ موقع پر جاں بحق، وقاص، تصور شدید زخمی ہو گئے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق یونین کونسل نمبر 8 میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کیخلاف امیدوار چیئرمین خالد گجر کے حامیوں نے شدید احتجاج کیا، کئی گھنٹوں سے خانیوال روڈ بلاک کر دی۔ گھوٹکی میں آزاد امیدواروں اور مسلم لیگ فنکشنل کے حامیوں میں جھگڑے کے دوران گولیاں چل گئیں جس سے آزاد امیدوار جاں بحق ہو گیا۔ ڈہرکی میں یو سی لونی کے دو سیاسی گروپوں میں تصادم ہوا۔ دونوں گروپوں کے مشتعل افراد نے ایک دوسرے کے گھروں کو آگ لگا دی۔ بصیرپور سے نامہ نگار کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں شکست پر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی نے سابق سٹی ناظم بھائی سمیت 80ساتھیوں کے ساتھ سابق کونسلر کے گھر پر حملہ کرکے چار افراد کو وحشیانہ تشدد کے بعد شدید زخمی کرنے کے بعد اغوا کر لیا۔ بصیرپور پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق چھانگا مانگا کے نواحی گائوں ہنجروال چک نمبر 31میں چیئرمین شپ کے دو ناکام امیدواروں کے درمیان جھگڑا اور ہوائی فائرنگ کا تبادلہ، درجنوں زخمی، علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ای پیپر-دی نیشن