زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طلبہ کا گارڈن ٹائون‘ مال روڈ پر احتجاج
لاہور (سٹاف رپورٹر+ این این آئی) بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور کیمپس کے طلبہ نے گارڈن ٹائون کینال روڈ اور مال روڈ پر مستقبل تاریک ہونے کے خوف سے ہائر ایجوکیشن کمشن کیخلاف احتجاج کیا اور کہا ہمارے مستقبل سے نہ کھیلا جائے‘ دھوکہ دہی اور کرپشن سے یونیورسٹی کا کیمپس بنانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ادھر نیب کی جانب سے رشوت دیکر لاہور کیمپس کے این او سی کی خریداری اور مبینہ کرپشن پر گرفتار بہائوالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے ڈائریکٹر اور بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر خواجہ علقمہ سے تفتیش جاری ہے۔ بہائو الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے قانونی مشیر غلام سرور اور انتظامیہ میں شامل ڈاکٹر معظم، ڈاکٹر مہوش، امتیاز الحق، رابعہ ابرار اور ڈاکٹر محسن نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر کرپشن کی ہے تو پرانی انتظامیہ نے کی ہو گی‘ اس کی سزا کسی دوسرے کو نہ دی جائے۔ منیر بھٹی نے کسی دوسری پارٹی سے بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کا این او سی خرید کر طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کیلئے لاہور کیمپس بنایا گیا جہاں ہزاروں طلبہ کو تعلیم دی جارہی ہے۔ لاہور کے اندر سرکاری یونیورسٹیوں کے بہت سارے کیمپسز کام کررہے ہیں مگر بی زیڈ یو کو ہی ٹارگٹ کیوں کیا جارہا ہے جبکہ سنڈیکیٹ نے ہمارے کیمپس کی باقاعدہ منظوری دی ہے۔ 4 ہزار طلبہ کیمپس میں زیر تعلیم ہیں۔ امتیازی سلوک کیا گیا تو ان کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ موجودہ انتظامیہ کا کوئی قصور نہیں ۔ وہ تو دوسرے ڈائریکٹران سے یہ کیمپس خرید چکے ہیں۔ طلبہ کے احتجاج کے باعث گارڈن ٹائون اور مال روڈ پر ٹریفک جام ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ طلبہ نے کہا کہ یونیورسٹی غیر قانونی تھی تو انہیں انتظامیہ کی طرف سے پہلے کیوں نہیں بتایا گیا۔ داخلے کے وقت کہا کیمپس قانونی ہے اور اسے یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے منظوری دے رکھی ہے۔ اب ہمارے مستقبل کا ذمہ دار کون ہو گا۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے لاہور کیمپس کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے طلبہ کی شکایات فوری طورپر دور کرنے اور مسائل کے حل کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نوازشریف نے ہائر ایجوکیشن کمشن سے بھی اس معاملے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین نے لاہور کیمپس کے طلبہ کے احتجاج کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا لاہور کیمپس کی منظوری زکریا یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے کبھی نہیں دی۔