حکومت نے سعودی شہزادہ فہد کیلئے نایاب باز برآمد کرنے کا لائسنس جاری کردیا
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے سعودی شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز کے لیے پاکستان سے قیمتی اور نایاب اقسام کے 10 باز برآمد کرنے کا خصوصی لائسنس جاری کر دیا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حکومت کا یہ اقدام نہ صرف عالمی معاہدوں بلکہ جنگلی جانوروں کے تحفظ کے قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے جبکہ باز کی ان اقسام کو عالمی سطح پر تحفظ بھی حاصل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قدرتی وسائل کے تحفظ کے عالمی معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ملک کو اربوں یورو مالیت کی جی ایس پی پلس کی سہولت خطرے میں پڑجائے گی۔ذرائع کے مطابق شہزادہ فہد باز کی ان نایاب اقسام کو ’تلور‘ کے شکار کیلئے استعمال کرتے ہیں۔خیال رہے کہ شہزادہ فہد گزشتہ سال اْس وقت عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے تھے، جب یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے بلوچستان کے ضلع چاغی سے 2 ہزار ایک سو عالمی تحفظ شدہ تلورپرندوں کا شکار کیا۔وزارت خارجہ کی جانب سے سعودی سفارتخانے کو لکھے جانے والے جوابی خط میں کہا گیا کہ سعودی شہزادے کو باز کی برآمد کا خصوصی اجازت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔