سیاسی جماتیں نامزد بلدیاتی امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کریں :الیکشن کمشن
اسلام آباد (ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے نامزد امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے ، الیکشن کمشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں تما م سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے امیداوروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کردیں اور امیدواراپنے پارٹی ٹکٹ9 نومبر تک متعلقہ ریٹرننگ افیسر کے پاس جمع کرائیں گے تاکہ امیدوار کو پارٹی کا انتخابی نشان جاری کیا جا سکے اعلامئے کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 2958امیداواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے 376امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ،امیدواروں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جو کہ 4نومبر تک جاری رہے گا ،5اور6نومبر کو اپیلیں ہونگی جو 7سے 9نومبر تک نمٹائی جائیں گی ،اعلامئے کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کوالیکشن کمشن کی جانب سے ہدایت نامہ بھجوایا گیا ہے تاہم جن سیاسی جماعتوں کے ایڈریس نامکمل ہیں انہیں بذریعہ پریس ریلیزآگاہ کیا جا رہا ہے۔الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات کیلئے مجموعی طورپر2958امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔چیئرمین اوروائس چیئرمین کیلئے376امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ جنرل کونسلر کیلئے 1502 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے اسلام آباد میٹرو پولیٹین کے ممبران کی تعداد کو حتمی شکل دے دی گئی۔ وزارت داخلہ نے اس سلسلہ میں باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔ میٹرو پولیٹین کے ارکان کی کل تعداد 66 ہو گئی ۔ اسلام آباد میں 30 نومبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے ۔ اسلام آباد کی 50 یونین کونسلیں بنائی گئی ہیں ۔ یونین کونسلوں کے چیئرمین میٹرو پولیٹین کے ممبران بنیں گے جبکہ خواتین کو 33 فیصد نمائندگی میٹرو پولیٹین میں دی گئی ہے جس کے تحت خواتین کی 9 نشستیں میٹرو پولیٹین میں ہوں گی ۔ اس کے علاوہ کسان یا مزدور ، نوجوان اور غیر مسلم کی بھی پانچ پانچ فیصد نشستیں رکھی گئی ہیں اور یہ میٹرو پولیٹین میں دو دو نشستیں ہوں گی جبکہ ٹیکنو کریٹس کی ایک نشست بھی میٹرو پولیٹین میں رکھی گئی ہے ۔ اسلام آباد میں میٹرو پولیٹین میں ایک میئر اور تین ڈپٹی میئرز کا انتخاب ہو گا ۔