لاہور: میڈیا ورکر کو کار تلے کچل کر ہلاک کرنیوالے بیٹے کو بچانے کی کوشش پر ایس ڈی پی او لوئر مال نوید ارشاد کو ہٹا دیا گیا
لاہور(نامہ نگار) آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے مقامی نیوز چینل کے کارکن رانا بلال کو کار تلے کچل کر ہلاک کرنیوالے ملزم بیٹے کو بچانے کیلئے اثرورسوخ استعمال کرنے پر اسکے والد ایس ڈی پی او لوئر مال، ڈی ایس پی نوید ارشاد کو اسکے عہدے سے ہٹا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جوہر ٹائون کے علاقہ میں ڈی ایس پی لوئر مال نوید ارشا دکے 16سالہ بیٹے طلحہ نے چند روز قبل مقامی نیوزچینل کے کارکن رانا بلال کو کار تلے کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔رانا بلال کے ورثاء نے آئی جی کو درخواست دی کہ ڈی ایس پی نویدارشاد تفتیش پراثر انداز ہوتے ہوئے اپنے بیٹے کوبے گناہ کرانے کی کوشش کر رہا ہے جس پر آئی جی نے گزشتہ روز نوید ارشا د کو اسکے عہدے سے ہٹا کر سی پی او میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں اس شکایت پر انکوائری کیلئے سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر)امین وینس کی جانب سے ایس پی سی آر او اور قائم مقام ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمرریاض چیمہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔