• news

لاہور ائرپورٹ : نجی ائیرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ ، کچے میں اتر گیا

لاہور/ اسلام آباد (خبرنگار/ سٹاف رپورٹر/ بی بی سی) کراچی سے آنیوالی شاہین ائرلائنز کی پرواز این ایل 142کا لینڈنگ گیئر ٹوٹ جانے اور لینڈنگ کے دوران طیارے کا ٹائر پھٹنے سے طیارہ بے قابو ہوکر کچے میں اتر گیا۔ جہاز میں سوار مسافروں کی چیخیں نکل گئیں اور انہوں نے آہ و بکا شروع کردی۔ ایمرجنسی سیڑھیوں سے مسافروں کو جہاز سے نکالا گیا، جہاز میں 2 شیرخوار بچوں سمیت 121مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے۔ حادثے میں تمام مسافر خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ سول ایوی ایشن کے ریسکیو عملے نے جہاز کو گھیر لیا اور مسافروں کو نیچے اترنے میں مدد دی۔ جہاز کچے میں اترنے سے لاہور ائرپورٹ پروازوں کیلئے بند کردیا گیا اور میلان، پیرس، لندن، کوئٹہ، اسلام آباد جانیوالی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ رن وے ڈیڑھ گھنٹے بعد پروازوں کے قابل بنایا جاسکا جبکہ جہاز کو پہنچنے والے نقصان میں اسکے پَر بھی ٹوٹ گئے جس سے جہاز ناقابل استعمال ہوگیا۔ حادثے کا نشانہ بننے والا جہاز بوئنگ 737تھا۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے حادثہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا جس پر عمل کرتے ہوئے سینٹی انویسٹی گیشن ٹیم نے واقعہ کے محروات اور وجوہات معلوم کرنے کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق جہاز میں لینڈنگ کے دوران فنی خرابی پیدا ہوئی جس پرپائلٹ نے طیارے کی کریش لینڈنگ کرا دی۔ مسافروں نے بتایا لینڈنگ سے کچھ دیر قبل طیارے نے ہچکولے کھائے جس سے پریشانی کی لہر دوڑ گئی تاہم جب طیارے نے لینڈنگ کی تو جہاز عدم توازن کا شکار تھا جس سے طیارے میں سوار تمام مسافروں نے چیخ و پکار ، کلمہ طیبہ اور درود پاک کا ورد شروع کردیا۔ ایک مسافر نے بتایا جہاز نے اس قدر خوفناک طریقے سے لینڈنگ کی کہ ایسا لگا شاید آج زندگی کاآخری دن ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے گیئر میں خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کے دوران ٹائر پھٹ گئے۔ بی بی سی کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کے دوران 10 مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن