• news

آرمی چیف کا دورہ، سعودی ہم منصب سے ملاقات: دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

طائف/اسلام آباد (ممتاز احمد بڈانی+ سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہوائی اڈے پر سعودی نائب وزیر دفاع اور کمانڈر بری افواج نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔ آرمی چیف کی سعودی جنرل ریحام بن صالح سے ملاقات ہوئی اور دفاعی تعاون و خطے میں سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رائل سعودی فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ریحام بن صالح سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ فوجی تعلقات، دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صباح نیوز کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے دفاع کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سعودی چیف آف جنرل سٹاف عبدالریحام بن صالح کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں طے پایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی چیف آف جنرل سٹاف عبدالریحام بن صالح کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مدتوں سے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جائیگا۔ میڈیا رپورٹس نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی فرمانروا شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت سعودی حکومت کے دیگر عہدیداران سے ملاقات کریں گے اور سانحہ منیٰ پر اظہار افسوس کریں گے۔ این این آئی کے مطابق جنرل راحیل شریف اپنے دورے کے دوران سعودی عرب کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن