سٹاک کا معاملہ شفاف نہیں، بھارت کے پاس 125 ایٹمی ہتھیار بنانے کیلئے پلوٹونیم اور 200 کلو یورینیم موجود ہے: امریکی تھنک ٹینک
واشنگٹن (صباح نیوز) ایک امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت کے پاس 125ایٹمی ہتھیار بنانے کے لیے پلوٹونیم اور 200کلو گرام افزودہ یورینیم موجود ہے ۔افزودگی سے متعلق بھارت کے سٹاک کا معاملہ شفاف نہیں ہے۔ امریکی تھنک ٹینک انسٹیٹوٹ فارسائنس اینڈ انٹرنیشنل سکیورٹی کی رپورٹ کے مطابق 2014کے اختتام تک بھارت کے پاس پلوٹونیم کی اتنی مقدار تھی کہ جس سے 75سے 125ایٹمی ہتھیار بنائے جاسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں بھارت اس وقت سب سے بڑا ایٹمی پروگرام رکھنے والا ملک ہے۔ پلوٹونیم کے علاوہ بھارت کے پاس 100سے 200کلوگرام یورینیم بھی ہے جو ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت گیس سنیٹری فیوج پروگرام کو بھی تیزی سے فروغ دے رہا ہے جس کے ذریعہ انتہائی افزدوہ یورینیم حاصل کیا جاتا ہے جو نیول ری ایکٹر کے علاوہ تھر مونیوکلیئر ہتھیاروں سمیت ایٹمی ہتھیاروں میں استعمال ہوتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا یورینیم یا پلوٹونیم کی افزودگی کے حوالہ سے بھارت کے پاس موجود سٹا ک کا معاملہ شفاف نہیں ہے۔