بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی ، عدم برداشت کے خلاف کانگریس قیادت کی ریلی، صدر مکھر جی کو یادداشت پیش
نئی دلی (آن لائن+صباح نیوز) بھارت میں جاری ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف تحریک میں کانگریس بھی کود پڑی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں تیزی سے بڑھتی انتہا پسندی، عدم برداشت اور اس پر حکومتی خاموشی کے خلاف کانگریس کی مرکزی قیادت کی جانب سے گزشتہ روز راشٹرپتی بھون (ایوان صدر) کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین اور ہزاروں افراد نے بھی شرکت کی۔ کانگریس رہنماؤں نے صدر پرناب مکھرجی کو یادداشت پیش کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ملک میں تیزی سے پھیلتی عدم برداشت کی فضا کو ختم کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔ کانگرس کی صدر سونیا گاندھی نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت میں جان بوجھ کر تشدد پھیلایا جا رہا ہے، ہم غیر روادار عناصر کا سختی سے مقابلہ کریں گے۔ احتجاجی ریلی کے راستے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے اور بھاری نفری تعینات کر کے پولیس نے رکاوٹیں بھی کھڑی کی تھیں، سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں مزید کہا مودی حکومت عدم برداشت کو ہوا دے رہی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں حکومتی رویے دنیا میں ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔ اگر مودی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی تو ملک گیر احتجاج شروع کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سونیا گاندھی نے بھارتی صدر پرناب مکھرجی سے ملاقات میں انتہا پسندی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔