• news

برطانوی عدالت کا شاہ فہد کی فلسطینی بیوی کو 2کروڑ 30لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا حکم

لندن (بی بی سی) لندن کی ہائیکورٹ نے سعودی عرب کے سابق بادشاہ شاہ فہد کے بیٹے کو اس خاتون کو 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا حکم دیا ہے جن کا دعویٰ ہے کہ وہ شاہ فہد کی اہلیہ تھیں۔ فلسطینی نژاد جنان حارب نے عدالت کو بتایا تھا کہ شاہ فہد نے 1968ء میں ان سے اس وقت خفیہ شادی کی تھی جب وہ سعودی عرب کے وزیرِ داخلہ اور ایک شہزادے تھے۔ جنان کے مطابق 2005ء میں شاہ فہد کے انتقال سے دو سال قبل ہی ان کے بیٹے عبدالعزیز بن فہد نے زندگی بھر کے لئے ان کا خیال رکھنے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم سعودی شہزادے نے عدالت میں اپنے تحریری بیانات میں ایسے کسی وعدے سے انکار کیا تھا۔ گزشتہ روز ہائیکورٹ کے جج نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ 68 سالہ جنان کا دعویٰ درست ہے اور وہ 23 ملین ڈالر اور لندن میں دو لگژری فلیٹوں کی حقدار ہیں۔ فیصلے کے بعد جنان کا کہنا تھا کہ ’مجھے فیصلے سے اطمینان ہوا ہے مگر صرف خواہش ہی کر سکتی ہوں کہ شہزادہ اپنے باپ کی خواہش کا احترام کرے اور تاخیری حربے استعمال نہ کرے۔‘ عدالت نے سعودی شہزادے کو اس رقم کی ادائیگی کے لیے چار ہفتے تک کی مہلت دی ہے۔ اس مہلت کے دوران وہ عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی کر سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن