پولیس میں کانسٹیبل سے افسر تک کی ترقی کیلئے یکساں شفاف نظام ہونا چاہیے: چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سندھ پولیس میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ڈی آئی جی فنانس اور ڈی آئی جی ٹی این ٹی کی پوسٹوں پر پندرہ روز میں تعیناتی کا حکم دیتے سماعت آج بدھ تک ملتوی کر دی ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر نے کہا اگر عدالتی احکامات پر عمل نہ ہوا تو اس کی ذمہ دار سندھ کی صوبائی حکومت ہو گی، پولیس میں کانسٹیبل سے لے کر افسروں تک کی ترقیوں کے لئے یکساں شفاف نظام ہونا چاہیے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا پولیس خود اپنے افسروں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے، پولیس میں ترقی کے لئے موثر نظام کیوں نہیں وضع کیا جاتا ہے، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا عدالت اجازت دے تو ترقیوں کے قوانین میں ترمیم کے لئے تیار ہیں۔