شہبازشریف کے اقدامات نے پنجاب کا نقشہ بدل دیا: بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ خضدار کی طالبات کا خراج تحسین
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کی طالبات سے انتہائی خوشگوارماحول میں بات چیت کی اور انہیں ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے حکومتی کاوشوں سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے طالبات کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے مدلل انداز میں جواب دئیے۔ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کی طالبات نے شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی شبانہ روز محنت اور کاوشوں سے پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے اور ہم نے پنجاب آکر ترقی کے سفر کاعملی مشاہدہ کیا ہے۔آپ کے اقدامات نے صوبے کا نقشہ بدل دیا ہے، تعلیم کے میدان میں آپ کی کامیابیاں لائق تحسین ہیں اور آپ نے تعلیمی پروگراموں میں پنجاب سمیت پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کر کے قومی وحدت کو مضبوط کیا ہے۔خضدار میں سکول اور سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے اعلان پر ہم آپ کے بے حد ممنون ہے ۔طالبات نے کہا کہ ٰ شہبازشریف نے پنجاب میں بہت زیادہ محبت دی ہے اور ہم ان کے شکرگزار ہیں ۔