• news

گجرات ،قصور : قتل کے 4 مجرموں کو پھانسی ساہیوال میں ایک کی روکدی گئی

گجرات/ قصور / ساہیوال (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) گجرات اور قصور کی جیلوں میں 4 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں 2 سگے بھائیوں کے 3 قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ منڈی بہائو الدین کے رہائشی مجرموں محمد انار، نثار احمد اور غضنفر اقبال نے 2000ء میں دو سگے بھائیوں غلام علی اور سونی کو قتل کیا تھا جس پر ان کے خلاف تھانہ پالیہ میں مقدمہ درج تھا۔ دوسری طرف چھریوں کے وار کرکے نوجوان کو قتل کرنے والے مجرم اکرم کو ڈسٹرکٹ جیل قصور میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ لاہور کی عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔ مجرم اکرم جوکہ دروغہ والا لاہور کا رہائشی ہے اپنے دوستوں کے ہمراہ آصف علی کے گھر کے باہر کھڑا ہوتا تھا جس کو منع کیا تو اُس نے چھریوں کے پے درپے وار کرکے 1998ء میں آصف علی کو قتل کردیا تھا۔علاوہ ازیں ساہیوال میں 2003ء میں بہن، بھائی کو قتل کرنیوالے موضع ہوتہ پاکپتن کے عرفان اعظم کی پھانسی پر عملدرآمد روکدیا گیا۔ اسے گزشتہ روز پھانسی دی جانی تھی۔ سیشن جج پاکپتن نے صلح کے امکان کے پیش نظر پھانسی کو عارضی پور پر روکدیا۔

ای پیپر-دی نیشن