• news

کراچی: پولیس مقابلے میں 3 ملزمان ہلاک، مختلف علاقوں سے 8 مشتبہ افراد گرفتار

کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی جانب سے کارروائی کی گئی، فائرنگ کے دو طرفہ مقابلے کے بعد تین ملزمان مارے گئے ، دیگر علاقوں سے8 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ایس ایس پی فاروق اعوان کے مطابق کورنگی میں مقابلے کے دوران مارے گئے تینوں ملزمان ٹارگٹ کلنگ،بینک ڈکیتی،بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ ادھر لائنز ایریا میں پولیس کی کارروائی کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے۔اس سے قبل رام سوامی اور پاک کالونی سے تین سٹریٹ کرمنلز کوگرفتار کرلیا گیا۔ بریگیڈ کے علاقے میں شہریوں سے لوٹ مارکرنے والے دو ڈاکوؤں کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ گارڈن کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے چھاپہ مار کارروائی کے بعد سیاسی جماعت کے تین کارکنوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ ادھر پاک کالونی میں پولیس نے سات افراد کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شیراز اور ریاض قتل کی وارداتوں سمیت سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن