نیپرا نے تاجکستان سے 1300 میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کی درخواست منظور کرلی، لاگت 9.4سینٹ فی یونٹ ہو گی
اسلام آباد (صباح نیوز) نیپرا نے تاجکستان سے 1300 میگاواٹ بجلی درآمد کرنے کی درخواست منظور کرلی، فی یونٹ لاگت 9.4 سینٹ ہوگی۔ این ٹی ڈی سی کی جانب سے بجلی درآمد اور ٹیرف کی درخواست دی گئی جسے نیپرا نے منظور کرلیا، کاسا منصوبے کے تحت تاجکستان سے پشاور تک 750 کلومیٹر ٹرانسمشن لائن بچھائی جائے گی، منصوبے پر 953 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ نیپرا کے مطابق کاسا منصوبے سے 9.4 سینٹ فی یونٹ بجلی درآمد ہوگی اور دسمبر 2017ء سے پاکستان کو ملنا شروع ہو جائے گی۔ معاہدے کے تحت پاکستان ٹرانزٹ فیس کی مد میں 1.25 سینٹ فی یونٹ افغانستان کو ادا کرے گا۔معاہدے کے مطابق پاکستان نے 1000 میگاواٹ بجلی خریدنا تھی لیکن افغانستان میں بجلی کی طلب نہ ہونے کے باعث پاکستان مزید 300 میگاواٹ بجلی خریدے گا۔ نیپرا نے وزارت پانی و بجلی، خزانہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے ایک ہفتے میں رائے مانگ لی ہے۔