• news

عام آدمی پریشان، حکومت حامیوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے: عمران

اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے صرف اپنے حامیوں کے چھوٹے سے طبقے کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، عام شہری پریشان ہے، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دور ان عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 25فیصد کمی ہوئی ہے، حکومت نے ان مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو صرف چار فیصد کا ریلیف دیا۔ 20 فیصد کمی حکومت کی جیب میں گئی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت براہ راست ٹیکسوں کی وصولی بڑھانے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث عوام اور درمیانے طبقے پر بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں تھی۔ شہریوں، کسانوں، تاجروں اور دیگر طبقات سے یہ ناانصافی ہے جو پہلے ہی منفی اقتصادی صورتحال کا مقابلہ کررہے ہیں اور اب پٹرول و ڈیزل کی قیمتوںمیں اضافے سے ان پر مزید بوجھ بڑھ جائیگا۔ بینک حکومت کو قرضے کیلئے ہی استعمال ہورہے ہیں۔ حکومت ایل این جی کی ڈیل کے بارے میں پارلیمنٹ کو آگاہ کر نے سے انکار کر کے جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے جبکہ اس موضوع پر سیمینارز کئے جارہے ہیں حکومت آخر منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لینے کیلئے کیوں تیار نہیں؟ تحریک انصاف بالواسطہ ٹیکسوں اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ناصرف احتجاج کریگی بلکہ میڈیا کو بھی پاکستان کے وسائل کے ضیاع اور اداروں کی تباہی کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں عمران کی زیر صدارت بنی گالہ میں پی ٹی آئی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی تنظیم سازی پر غور ہوا، پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی مایوس کن کارکردگی کے محرکات کا جائزہ لیا گیا۔ دوسرے مرحلے کے حوالے سے پارٹی کی مجوزہ حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن