چند انتہا پسندوں کی نفرت نے بھارت کو یرغمال بنا لیا، عدم برداشت نے معیشت پر برا اثر ڈالا: امریکی اخبار
نیویارک (آن لائن) بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی ملکی معیشت کو تباہ کررہی ہے، یہ گونج امریکہ تک جا پہنچی ہے، بھارتی حکومت کی پالیسیوں پر نیویارک ٹائمز نے "ہندو انتہا پسندی کی قیمت" کے عنوان سے اداریہ شائع کیا ہے۔ لکھا کہ یہ حقیقت ہے کہ چند انتہا پسندوں کی نفرت اور مطالبات نے بھارت کو یرغمال بنا لیا ہے، بھارت میں عدم برداشت نے معاشی صورتحال پر برا اثر ڈالا ہے اور سرمایہ داری میں بھی فرق نظر آیا ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ گزشتہ ہفتے بین الاقوامی مالیاتی ادارے موڈیز نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خبردار کیا تھا کہ اقلیتوں پر مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے ورنہ ترقی رک جائے گی، مودی اپنے وزراء کو قابو کریں ورنہ بھارت اپنی مقامی اور عالمی ساکھ کھو دے گا۔ اخبار لکھتا ہے کہ معاشی صورتحال پر بھارت کے بزنس لیڈر بھی کم فکرمند نہیں، اگست میں ادیب گلبرگی کو ہندو ازم پر تنقید کرنے پر قتل کر دیا گیا، ستمبر میں گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں ایک مسلمان کو مار ڈالا گیا، ان واقعات پر وزیراعظم مودی نے تاخیر سے مذمت کی۔ اخبار نے اپنے اداریہ میں بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کیخلاف بھارت کے ادیب، فنکار اور سائنسدانوں کے احتجاج کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا اکثریتی طبقہ یہ نہیں چاہتا جو ہو رہا ہے، یہ وہ بھارت نہیں جو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرے گا۔