ایران: 7 قیدی نامعلوم مقام پر منتقل پھانسی دئیے جانے کا امکان
دبئی(آن لائن)انسانی حقوق کی تنظیموں نے اطلاع دی ہے کہ ایرانی حکام نے شمال مغربی شہر کرج میں قائم "رجائی شہر" نامی جیل میں قید کیے گئے اہل سنت مسلک کے سات کارکنوں کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ انہیں پھانسی دے دی جائے گی۔ایران کی فارسی نیوز ایجنسی"ہرانا" نے انسانی حقوق کی ایک تنظیم کا بیان نقل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکام نے کرج شہر میں واقع "رجائی شہر" نامی جیل میں قید کیے سات کارکنوں کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ ایرانی حکام انہیں دی گئی سزائے موت پرعمل درآمد کرنا چاہتے ہیں۔حکومت کی جانب سے قیدیوں کی کسی نامعلوم مقام پر منتقلی سے متعلق خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ۔