مفتی سعید ذہنی طور پر بیمار ہیں، انہیں مودی کی تعریف زیب نہیں دیتی: حریت قیادت
سرینگر ( اے این این ) سینئر حریت رہنمائوں سید علی گیلانی اوریٰسین ملک نے کہاہے کہ وزیراعلی مفتی سعید ذہنی طور پر بیمار ہیں انہیں نریندر مودی کی تعریف زیب نہیں دیتی۔ 1947ء میں شیوسینا اور آر ایس ایس نے مسلمانوں کے قتل عام میں ہراول دستے کا کرداراداکیا۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف میں رطب اللسان ہونے اور انہیں غیر فرقہ پرست اور زبردست لیڈر قرار دینے سے متعلق وزیراعلی مفتی محمد سعید کے بیان کو ان کی ذہنی و جسمانی غلامی کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ مفتی اور ان کی جماعت پی ڈی پی شاہ سے زیادہ وفادار بن کر ہوس اقتدار میں انتہائی حد تک گر چکی ہے۔ حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہترین تعلقات مسئلہ کشمیر کے حل ہونے پر ہی استوار ہوسکتے ہیں۔ بھارت زیادہ دیر تک مسئلہ کشمیر کی حساسیت کو نظرانداز نہیں کرسکتا۔