باجوڑ: افغان دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹ پر مارٹر حملہ‘ سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا
پشاور (آئی این پی+ آن لائن) سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان کے سرحدی قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل مہمند میں افغان دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ جمعرات کو میڈیا رپورٹس کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس متعدد دہشت گردوں نے افغانستان کے صوبے کنڑ سے پاکستانی سرحدی علاقے میں قائم چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے پسپا کردیا گیا۔ عسکریت پسندوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر متعدد مارٹر گولے فائر کئے گئے تاہم چیک پوسٹ پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی جس سے عسکریت پسند پسپا ہوگئے۔ بعدازاں سکیورٹی فورسز اور مقامی امن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ 5 ہفتوں کے دوران پاکستانی علاقے میں افغانستان سے پاکستانی حدود میں یہ چوتھا حملہ ہے۔