چین نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان اسلام آباد بھجوا دیا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چین نے متاثرین زلزلہ کیلئے امدادی سامان بھجوا دیا ہے جس میں خیمے، کمبل، ادویات اور جنریٹر شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں متعین چین کے سفیر سن ویڈونگ نے گزشتہ روز بے نظیر ائیر پورٹ اسلام آباد میں امدادی سامان وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز کے حوالے کیا۔ چینی سفیر نے پاکستان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرین کی امداد کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے گئے بر وقت اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی گورنمنٹ اس مشکل وقت میں پاکستان کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ پرویز رشید نے زلزلہ متاثرین کی امداد کرنے پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمیشہ برادرانہ تعلقات قائم رہے اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور غمی اور خوشی کے ساتھی ہیں۔