• news

ریحام نے عمران کو مارا نہ لین دین کی خبروں میں صداقت ہے: شیریں مزاری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے عمران کی طلاق سے متعلق میڈیا کے کردار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان خبروں کو یکسر مسترد کر دیا جن کے مطابق طلاق سے چند روز قبل ریحام خان نے عمران خان کو تھپڑ مارا تھا۔ اعلامیے کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران کی طلاق پر لین دین کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت کا عمران خان کی ذاتی زندگی سے کوئی تعلق نہیں اور دونوں کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسے موقع پر جب عمران اور ریحام دونوں مشکل دور سے گزر رہے ہیں میڈیا کا کردار افسوسناک ہے۔ میڈیا ایسے وقت میں افواہیں پھیلا رہا ہے جب دونوں خاندان مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور بچے اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔ شیریں مزاری نے کہا کہ چیئرمین کی طرف سے واضح طورپر کہتی ہوں کہ ریحام خان کے ساتھ بھاری رقوم کے حوالے سے معاملات طے ہونے کی اطلاعات مکمل طورپر غلط اور جھوٹ پر مبنی ہیں جن کا بنیادی مقصد ریحام خان اور عمران خان کو ہدف بنانا ہے۔ ریحام خان کے نام سے عمران کے بارے میں الزامات پر مبنی تمام تر خبریں بھی جھوٹ اور بیمار ذہن کی تخلیق ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن