نتھیا گلی 40 ایکڑ اراضی کی لیز ختم‘ ماتحت عدالتوں کا فیصلہ کالعدم قرار
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے نتھیا گلی ایبٹ آباد میں 40 ایکڑ اراضی پر واقع شنگریلا، پائن ہوٹل کی لیز ختم کرتے ہوئے ماتحت عدالتوں کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے، عدالت نے 2005ء سے اب تک تمام واجبات اداکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا کہ گلیات ٹورڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایبٹ آباد،کے پی کے) چاہئے تو پراپرٹی واپس لے سکتی ہے۔چیف جسٹس نے کہا تقریبا 1700روپے ماہانہ کے حساب سے 21کمرے ودیگر پراپرٹی دی گئی جبکہ دس سال سے لیز معاہدہ کے تحت نہ رقم جمع کروائی گئی اور نہ جگہ خالی کی بلکہ پراپرٹی پرقبضہ کرلیا گیا ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ رقم جمع کروائی جاتی رہتی اور معاہدے کے مطابق سہولیات کی عدم فراہمی پر عدالت سے رجوع کرنا چاہئے تھا، ماتحت عدلیہ کے جج ریٹائرڈ ہوچکے ہیں وگرنہ غیر قانونی حکم امتناعی اور فیصلہ دینے پر عدالت ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لاتی۔