• news

حادثے میں میڈیا ورکر کی ہلاکت‘ ضمانت خارج ہونے پر ڈی ایس پی کا ملزم بیٹا فرار

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) ضمانت خارج ہونے پر ڈی ایس پی کا ملزم بیٹا عدالت سے فرار ہو گیا۔ سیشن عدالت نے نجی چینل کے کارکن رانا بلال قتل کیس میں ڈی ایس پی نوید ارشاد کے بیٹے اور مرکزی ملزم طلحہ نوید کی عبوری ضمانت کی سماعت کی اور فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ گزشتہ روز عدالت نے ایک بجے کے قریب فیصلہ سنایا تو ملزم طلحہ موقع پا کر عدالت سے فرار ہو گیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملی بھگت سے اسے فرار کرایا ہے۔ ملزم طلحہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رانا بلال کا واقعہ ایک حادثہ تھا اسے جان بوجھ کر نہیں مارا گیا، ملزم طلحہ کا دوست گاڑی چلا رہا تھا مگر پولیس نے طلحہ کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کر لیا ہے لہٰذا عدالت اسکی عبوری ضمانت کی توثیق کی جائے۔ مدعی مقدمہ کے وکیل نے بتایاکہ پولیس ڈی ایس پی کے بیٹے اور اصل ملزم طلحہ کو بچانے کیلئے ہر طرح کے حربے آزما رہی ہے۔ پہلے اصل ملزم کی بجائے فہیم نامی شخص کو بلاجواز پکڑ لیا اور اسے جعلی ملزم بناکر حوالات میں بند کیا لہذا ملزم کی عبوری ضمانت منسوخ کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن