سی ٹی ڈی ملیر کراچی کے دفتر پر نامعلوم افراد کا کریکر حملہ، بچے سمیت 3 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر +صباح نیوز)کراچی میں فائرنگ اور مختلف واقعات میں 2افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا،ٹیپو سلطان روڈ پر آپس کے جھگڑے میں چھری اور پتھر کے وار سے 19سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے 2افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی،گبول ٹائون کے علاقے گودھرا روڈ پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سے ایک شخص زخمی ہوگیا، پورٹ قاسم کے قریب گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔علاوہ ازیں محمود آباد کے علاقے جونیجو ٹائون میں آتشزدگی کے نتیجے میں ایک سو جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں اور بوڑھی خاتون سمیت پانچ افراد بری طرح جھلس گئے۔ جھونپڑیوں میں آگ جمعرات کی دوپہر لگی تھی۔ ادھر سی ٹی ڈی ملیر کراچی کے دفتر پر نامعلوم افراد نے کریکر حملہ کیا جس سے بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ کریکر دھماکے سے بس اور رکشے کو نقصان پہنچا۔ ملزمان دفتر کے گیٹ پر کریکر حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی آفس میں کچھ دیر قبل پریس کانفرنس ہوئی تھی۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈ ی جنید شیخ نے کہا کہ کریکر حملہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ آخری دم تک دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے۔ سی ٹی ڈی پولیس سعود آباد نے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے تین ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرز میں شرجیل، اسد اور ریاض بٹ شامل ہیں جن کی گرفتاری مختلف علاقوں سے عمل میں آئی پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کا تعلق گینگ وار میں ملوث عذیر بلوچ اور جبار جنگجو گروپ سے ہے او روہ لسانی بنیادوں پر لوگو ںکو قتل کرنے کے بعدلاشیں بوریوں میں بند کرکے پھینکنے میںملوث ہیں۔