• news

نجکاری پروگرام، غیر ملکی سرمایہ کار فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سرمایہ لگائیں: محمد زبیر

اسلام آباد (این این) پاکستان انوسٹمنٹ کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت و چیئر مین نج کاری بورڈ محمد زبیر نے کہا کہ رواں سال کے دوران نجکاری پروگرام کی 70 فیصد ٹرانزیکشن مکمل کرنا بڑی کامیابی ہوگی، یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھا۔ نجکاری کا واضح مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو بہترین اور معیاری سروسز فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری پروگرام اداروں کی فروخت اور ان کا انتظام منتقل کرنے تک محدود نہیں بلکہ بعدازاں ان اداروں کی کارکردگی اور خدمات کو پہلے سے بہتر بنانا بھی ہے۔ ملک میں امن و امان میں بہتری کے حوالے سے حکومتی کوششوں اور توانائی و انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی سرگرمیوں کا مرکز بننے جارہا ہے۔ اس لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجکاری کے ذریعے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور جامع اصلاحات کے نتیجے میں پاکستانی معیشت بہتر نتائج دکھا رہی ہے۔ تمام ریٹنگ ایجنسیاں اور عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کے میکرو اکنامک کے اشاریوں میں استحکام کا اعتراف کررہے ہیں۔ یہ صورتحال سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان میں پاک چین اقتصادی راہداری کے ساتھ ساتھ توانائی اور انفراسٹرکچر کے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن