پنجگور سمیت کئی شہروں میں سرچ آپریشن، 9 دہشت گرد گرفتار
کوئٹہ + سوات + راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پنجگور ڈیرہ بگٹی، راولپنڈی اور سوات میں سرچ آپریشن کے دوران گزشتہ روز 9 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ جبکہ لورا لائی میں فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں فرنٹیرکور بلوچستان نے سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے 9 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں لورالائی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک۔ تفصیلات کے مطابق لورالائی کے علاقے تو رخیزئی ڈیم سے ایک نعش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو گولی مارکر ہلاک کیا گیا۔ جس کا نام محمد ولی ولد دولت وزیر بتایا جاتا ہے۔ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سوات میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے بم دھماکوں اور لوٹ مار میں مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ عمر حیات رحیم آباد پولیس کو 2008 میں بم دھماکوں اور لوٹ مار میں مطلوب تھا۔ ادھر راولپڈی میں سی ٹی ڈی نے مورگاہ کے علاقے سے کارروائی میں افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ دہشت گرد صابر سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز برآمد کر لئے گئے گرفتار دہشت گرد صابر کا تعلق افغانستان کے علاقے کنڑ سے ہے۔ دہشت گرد اہلکاروں کے قتل اور منصوبہ بندی میں ملوث ہے۔ ادھر پنجگور میں ایف سی نے ایف ڈبلیو او کی ٹیم پر حملے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ایف سی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
آپریشن