• news

سٹاک مارکیٹوں میں مندے کا رجحان سرمایہ کاری 7 ارب 65 کروڑ روپے کم

کراچی + لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 34500 کی نفسیاتی حد سے گرگیا۔سرمایہ کاری مالیت میں 7 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد کی کمی۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 68.36 پوائنٹس کمی سے 34454.59 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 378 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں7 ارب، 65 کروڑ 45 لاکھ 74 ہزار 216 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 73 کھرب 18 ارب 38 کروڑ 93 لاکھ 59 ہزار 172 روپے ہوگئی، کے ایم آئی 30 انڈیکس 138.53 پوائنٹس کمی سے 58027.90 جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 16.27 پوائنٹس کمی سے 24067.34 پر بند ہوا۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز مندی کا رحجان رہا اور ایل ایس ای 25 انڈیکس 19.44 پوائنٹس کی کمی سے مارکیٹ کے اختتام پر 5680.04 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 40 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، 18 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، 4 کمپنیوں کے حصص میں استحکام اور 18 کمپنیوں کے حصص میں کمی رہی۔

ای پیپر-دی نیشن