• news

نکاح پر نکاح کیس: میرا کے دعویدار شوہر سے 15 دن میں جواب طلب، اداکارہ نے شاہ رخ کو اپنی فلم میں کام کی آفر کردی

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) لاہور کی سول عدالت نے اداکارہ میرا کے نکاح کیس میں اداکارہ کے دعویدار شوہر عتیق الرحمن سے 15 یوم تک جواب طلب کرلیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران میرا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اداکارہ کے شوہر ہونے کا دعویٰ کرنے والے عتیق الرحمن جعلی نکاح نامہ بناکر جھوٹی مقدمہ بازی کر رہا ہے جو اداکارہ کی شہرت کو داغدار کرنے اور پیشہ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا عتیق الرحمن نے نکاح نامہ یونین کونسل سے رجسٹرڈ بھی نہیں کرایا اور اس پر دستخط اور مہریں بھی جعلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تکذیب نکاح کی کارروائی پر عدالت عالیہ کی جانب سے حکم امتناعی واپس لیا جا چکا ہے جس پر عدالت نے اداکارہ کے مبینہ شوہر سے 15 دن میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ دوسری طرف مقدمہ کی سماعت کے لئے اداکارہ میرا جب عدالت میں آئی تو انہوں نے لانگ شوزپہنے ہوئے تھے اور سیاہ چشمہ لگا رکھا تھا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ میں اپنے مداحوں کی پذیرائی پر انکی بہت مشکور ہوں۔ وہاں موجود لوگوں نے ان سے ڈائریوں اور چہروں پر آٹوگراف لئے۔ اس موقع پر اداکارہ نے بھارتی فنکار شاہ رخ خان کو بھی اپنی فلم میں کام کرنے کی آفر کر ڈالی جبکہ انہوں نے دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھکاری خاتون کو 3 ڈالر دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ڈالر ہی ہیں۔ ایک سوال پر اداکارہ نے کہا کہ وہ پہناوا اپنی پسند کا پہنتی ہیں اور ان کا اپنا سٹائل ہے،ایان علی سے ان کا کوئی مقابلہ نہیں۔ انہوں نے بھارت میں مائرہ خان اور فواد کو دی جانے والی دھمکیوں کے بعد اپنے ملک میں کام کرنے کا مشورہ دیا۔ گذشتہ سال عمران خان کو شادی کی آفر کرنے والی اداکارہ میرا نے ریحام کی طلاق کو ان کا ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا نجی معاملہ ہے جس پر وہ تبصرہ کرنا پسند نہیں کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن