ایازصادق کی تعریف خورشید شاہ کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے
اسلام آباد (سجاد ترین+ خبرنگار خصوصی) سابق سپیکر سردار ایاز صادق نے اپنی کامیابی کے راز انکشاف کرتے ہوئے پیپلز پارٹی اور خورشید شاہ کو مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ قراردیتے ہوئے اعتراف کیا کہ انکی کامیابی کو خورشید شاہ اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما نے اہم قرار دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے دیگر ممبران ایازصادق کی بات سن کر سیخ پا ہو رہے تھے کیونکہ خورشید شاہ نے لاہور کے ضمنی الیکشن میں شرکت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ایاز صادق نے خورشیدشاہ کی جس انداز میں تعریف کی ہے یہ شاہ جی کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔ ایازصادق کی اسمبلی ہال آمد پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے ڈیسک بجا کر انکا استقبال کیا اور ’’دیکھو دیکھو کون آیا… شیرآیا، شیرآیا‘‘ ’’دھرنے کا جواب آیا، شیرآیا، شیرآیا‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ اس دوران 10 منٹ تک ایاز صادق سے لیگی ارکان اسمبلی گلے ملتے رہے جبکہ اس دوران شاہ محمود کا خطاب جاری رہا۔ ایازصادق نے شاہ محمود کے سامنے سے گزر کر ارکان سے مصافحہ کیا مگر شاہ محمود سے مصافحہ نہ کیا۔