بھارتی ریاست بہار کے انتخابات میں بھی بی جے پی کو شکست‘ لالورشاد اتحاد 122 سیٹیں لیکر آگے
نئی دہلی/ پٹنہ (آئی این پی) بھارتی ریاست بہار کے ریاستی انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی اتحاد کو شکست کا سامنا ہے۔ ایگزٹ پول کے نتائج میں نتیش لالو اتحاد کو برتری حاصل، انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان (کل) اتوارکو کیا جائے گا۔ لالو جی کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے گائے کے گوشت کا کارڈ کھیلنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہی، انتہا پسندی پر مبنی پالیسی نریندر مودی کی بی جے پی کو لے ڈوبی۔ بھارت میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے انتخابات کے حوالے سے ایگزٹ پول کے نتائج میں نتیش لالو اتحاد کو برتری حاصل ہے۔ ریاست بہار کے انتخابات میں بی جے پی کے اتحاد کو منہ کی کھانی پڑی۔ ریاستی انتخابات کے لیے جمعرات کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ بھارتی الیکشن کمشن کے مطابق ووٹنگ کی شرح 15سال کے مقابلے میں بڑھی اور 60 فیصد تک جا پہنچی۔ اس میں بڑا کردار خواتین کے ووٹ نے بھی ادا کیا ہے۔ پولنگ میں حصہ لینے والی خواتین ووٹرز کی تعداد 59.92 فیصد اور مردوں کی شمولیت56.8 فیصد رہی۔ 4ایگزٹ پولز کے نتائج میں نتیش لالو اتحاد کی برتری دکھائی گئی ہے۔ صرف 2پولز میں بی جے پی اتحاد کو برتری ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایگزٹ پولز کے مطابق بی جے پی اور اتحادی جماعتوں پر مشتمل اتحاد این ڈے اے کو 111سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ نتیش لالو پرشاد اتحاد 122سیٹوں کے ساتھ آگے ہے۔ دیگر امیدوار 10سیٹیں لے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بہار بھارت کی تیسری بڑی ریاست ہے اور اگر یہاں سے بی جے پی شکست کھا گئی تو ان کا پارلیمنٹ میں گرفت مضبوط کرنے کا خواب ٹوٹ جائے گا، جو کہ مودی کو اپنی اصلاحات کے نفاذ کے لئے ضروری ہے۔