اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے 72 سالہ خاتون سمیت مزید 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا
بیت اللحم (رائٹر+این این آئی) اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 72 سالہ خاتون سمیت مزید تین فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی جانب سے چاقوؤں سے کئے گئے حملے میں 3 اسرائیلی زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق 72 سالہ فلسطینی خاتون نے اسرائیلی فوجیوں پر کار چڑھانے کی کوشش کی جس پر اسرائیلی فوجیوں نے ان پر فائرنگ کر دی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسیں۔ غزہ میں فلسطینیوں کا ایک گروپ اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کر رہا تھا۔ اس دوران اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کی جس سے ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔ بیت اللحم میں چاقو سے حملہ کرنے والے فلسطینی کو گولی مار دی گئی۔ فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق فلسطینی نوجوان مالک طلال الشریف کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق مظاہرین کو حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ وارننگ دئیے جانے کے باوجود انہیں توجہ نہ دی جس پر گولی چلانا پڑی۔ تشدد کی حالیہ لہر کے دوران 11 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ 71 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ دوسری جانب مصری فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ساحل سمندر میں ماہی گیری کرکے 16 سالہ فلسطینی لڑکے کو گولیاں مار کرشہید کردیا۔غزہ وزارت داخلہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قاہرہ سے فلسطینی کو شہید کرنے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔