ایک ہفتہ کے دوران کراچی سٹاک مارکیٹ میں محدود تیزی‘ سرمایہ کاری 26 ارب روپے بڑھ گئی
کراچی(مارکیٹ رپورٹر)کراچی سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران اتار چڑھائو کے بعد محدود تیزی پر کے ایس ای 100انڈیکس 165.14پوائنٹس اضافہ پر 34426.75 پر پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوران غیرملکی سرمایہ‘ میوچل فنڈز اور دیگر اداروں کی سرمایہ کا متواتر انخلاء ‘ کارپوریٹ کمپنیوں کی ناقص صورتحال اورکئی منفی عوامل کے باعث سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری سے محتاط ہوکر بیشتر حصص کی کم داموں فروخت کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی بچی ماندہ سرمایہ کے نکالنے میں سرگرداں رہے جس کے نتیجے میں ہفتے کے دوران سرگرم حصص کا دائرہ کار 1824 کمپنیوں تک رہا ۔ جس میں 827کمپنیوں کی قیمتوںمیں اضافہ‘884 کمپنیوں میں کمی اور113 کمپنیوں میں استحکام رہا۔ ہفتے کے دوران مجموعی مارکیٹ سرمایہ کاری میں 26ارب 13کروڑ 7لاکھ 6ہزار705روپے کا اضافہ رہا جبکہ مجموعی سرمایہ کاری مالیت 73کھرب 10 ارب 37کروڑ 42لاکھ 12ہزار 946 روپے ہوگئی ۔ ہفتے کے دوران کاروباری سرگرمی 15کروڑ حصص سے قدرے زائد رہی اور مجموعی سودوںمیں 93کروڑ 43لاکھ 35ہزار 180 حصص کے کاروبار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔