علامہ اقبال کا یوم پیدائش آج منایا جائیگا، سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے
لاہور/ اسلام آباد (خبرنگار/ وقائع نگار خصوصی) حکیم الامت، شاعر مشرق، مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال کا 38 واں یوم ولادت آج بروز سوموار ملک بھر میں پورے جوش و خروش سے منایا جائیگا۔ علامہ محمد اقبال کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی محافل ہو گی۔ لاہور سمیت ملک بھر میں یوم اقبال پر تقاریب اور سیمینار ہوں گے۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہو گی۔ آج سرکاری دفاتر، تعلمی ادارے کھلے رہیں گے۔ ایوان صدر اسلام آباد میں شایان شان طریقے سے یوم اقبال منایا جائے گا۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب ہو گی جس سے صدر مملکت ممنون حسین خصوصی خطاب کریں گے۔ تقریب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، ممتاز ماہر اقبالیات پروفیسر ڈاکٹر تحسین فراقی، اقبال اکیڈمی کے ڈائریکٹر احمد جاوید، ڈائریکٹر مولانا ظفر علی خان چیئر جامعہ پنجاب، ڈاکٹر زاہد منیر عامر اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمشن کے چیئرمین ذوالفقار احمد چیمہ خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ممتاز شعرا شاعر مشرق کو منظوم خراج عقیدت پیش کریں گے اور ممتاز گلوکار کلام اقبال بھی پیش کریں گے۔اے پی پی کے مطابق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے ہر سال 9 نومبر اس عظیم سوچ رکھنے والے شاعر اور فلسفی کو یاد کرنے کا دن ہے جس نے پاکستان کا خواب دیکھا اور اسے حقیقت کا روپ دینے کی بنیاد رکھی۔ یہ دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے ہم اس پر عمل کریں جووہ ہم سے چاہتے تھے۔
علامہ اقبال