• news

علامہ اقبالؒ جیسی تابناک شخصیت پر ملت اسلامیہ کو ہمیشہ فخر رہیگا: صدر، وزیر اعظم آ زاد کشمیر

مظفر آباد(آن لائن)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان ،وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید،وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہــ’’نیل کے ساحل سے تا بخاک کاشغر‘‘مسلمانوں کا اتحاداقبال کا پیغام ہے تاکہ ملت اسلامیہ ہر طرح کے سیاسی ، اقتصادی اور معاشرتی سامراج کے مقابلے میں مضبوط اور توانا قوت بن کر ابھرے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے موثر کردار ادا کر سکے ۔ علامہ اقبال برصغیر کی ایسی تابناک شخصیت تھے جن پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی ۔ وہ بڑے فلسفی اور عظیم شاعر ہونے کے علاوہ ایک ماہر قانون اور صاحب بصیرت سیاستدان بھی تھے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حضرت علامہ اقبال کی برسی کے موقع پراپنے الگ الگ پیغامات میں کیا ۔صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ مصور پاکستان حضرت ڈاکٹر محمد اقبال نے امت مسلمہ کے حقیقی بہی خواہاں تھے ۔ انہوں نے اپنے کلام کے ذریعہ جہاں ساری دنیا کے مسلمانوں کو ان کی عظمت رفتہ کی یاد دلاتے ہوئے نئی زندگی کے نئے تقاضوں میں سرگرم حصہ لینے کیلئے آمادہ کیا وہیں پر انہوں نے کشمیری عوام کے اضطراب اور زبوں حالی کا خاص طور پر ذکر کیا ان کے کلام میں جا بجا کشمیری مسلمانوں کی غلامی کا ذکر موجود ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہا کہ اقبال ایک راسخ العقیدہ مسلمان تھے ۔ جدید اور قدیم علوم کے وسیع مطالعے اور گہرے غور وفکر نے ان پر آشکار کر دیا تھا کہ بنی نوع انسان کے تمام مسائل اور مصائب کا علاج اسلام کی فکری اور تمدنی نظام میں ہی مضمر ہے ۔ انہیں کامل یقین تھا کہ اسلام میں اولاد آدم کیلئے روحانی پاکیز گی اور اطمینان قلب کے ساتھ ساتھ ہر لمحہ تغیر پذیر زندگی کے سارے مطالبات پورے کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے ملت کو درس دیا کہ بے عملی اور ناامیدی موت کا دوسرا نام ہے جبکہ زندگی تو امید حرکت اور عمل سے عبارت ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن