• news

یونین کونسلز کو مزید بااختیار بنانے کیلئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا: رانا ثناء

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ سٹی کونسلز اور یونین کونسلز کو مزید بااِختیار بنانے اور صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرنے کے قابل بنانے کیلئے موجودہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اِس مقصد کیلئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے لیگل کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جلد اپنی سفارشات دے گی۔ اِن ترامیم کے ذریعے سٹی کونسلز/ یونین کونسلزکو ایک بنیادی فلاحی/ ترقیاتی اور اِنتظامی یونٹ میں تبدیل کیا جائیگا۔ صوبائی وزیرِ قانون سٹی کونسل 109 کے چیئرمین ملک سلطان اعوان اور وائس چیئرمین میاں جمشید کی طرف سے اپنے صوبائی حلقہ کی 14سٹی کونسلزکے نو مُنتخب چیئرمین/ وائس چیئرمین کے اعزاز میں دی گئی دعوت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے صوبائی حلقہ سمیت ضلع بھر کے نو مُنتخب چیئرمین/ وائس چیئرمین/ کونسلرز کو مبارکباد کا پیغام دیا۔ اُنہوں نے اِس روایت کی تعریف کی کہ ایک نومُنتخب چیئرمین نے دوسرے نومُنتخب چیئرمین صاحبان کی دعوت کی ہے۔ اُنہوں نے نومُنتخب چیئرمین صاحبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقہ اور شہر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مسلم لیگ (ن)، پنجاب حکومت اور وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے طے شُدہ طریقہ کے مطابق اپنا رابطے استوار کریں۔ اُنہوں نے کہاکہ وزیرِاعلیٰ پنجاب اِس ہفتے اپنا رابطہ نمبر اور ویب سائٹ کھولیں گے جس کے ذریعے تمام نو مُنتخب چیئرمین/ وائس چیئرمین اور کونسلرز سے رابطے کئے جائیں گے اُن سے تجاویز لی جائینگی اور اُنہی تجاویز کی روشنی میں ضلع کونسل/ فیصل آباد شہر کے میئر/ چیئرمین ضلع کونسلزاور وائس چیئرمین کا فیصلہ کیا جائیگا۔ اُنہوں نے یہ بھی واضع کیاکہ جو چیئرمین خود کو کسی عہدے کا اہل سمجھتا ہے وہ اپنے کوائف کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کو درخواست بھیج سکے گا اور صوبائی لوکل گورنمنٹ پارلیمانی بورڈ، وزیرِاعلیٰ پنجاب (صدر مسلم لیگ ن) میاں شہباز شریف کی سربراہی میں میرٹ پر فیصلہ کریگا۔ رانا ثناء اﷲ خاں نے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں سے کہا کہ انتخابی رنجشوں کو بھلا کر عوامی خدمت کے لئے کمربستہ ہو جائیں اور علاقہ کی ترقی کے لئے کام کریں جس کے لئے عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نچلی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور ان کے اختیارات اور عزت میں اضافہ کیا جائے گا اور وہ لوگوں کے خادم بن کر اس طرح خدمت کریں جس طرح خادم پنجاب صوبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی یونین کونسل میں دوسری جماعت کے مینڈیٹ تسلیم کریں گے اور ہر کے عمل میں انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔ اس تقریب میں جن چیئرمینوں اور وائس چیئرمین چیئرمینوں نے شرکت کی ان میں سٹی کونسل 101 سے ساجد حسین جٹ اور محمد افضل گجر‘ سی سی 102 میاں تنویر آفتاب اور سرفراز حمید پپو‘ سی سی 103 ڈاکٹر محمد الیاس اور رانا مظفر ‘ سی سی 105 سے رائو ظہیر اقبال اور ملک شاہد حسین ‘ سی سی 106 مرزا عبدالمالک اور میاں ساجد ‘سی سی 108 سے ارشد صدیقی اور اکرم انصاری ‘ سی سی 109 سے ملک سلطان اعوان اور میاں جمشید ‘ سی سی 110 یعقوب انصاری اور ضیاء الرحمن ‘ سی سی 111 غلام رسول انصاری اور میاں ایوب ‘ سی سی 112 عتیق الرحمان انصاری اور محمد اسلم انصاری ‘ سی سی 113 شرافت علی خٹک اور ملک حامد علی ‘ سی سی 115 سے ملک محمد عمران اور عبدالحمید بھولا ‘ سی سی 116 ڈاکٹر عاشق رحمانی اور ملک یاسین ‘سی سی 119 سے ملک سلیم جٹ اور رانا ندیم شامل ہیں جبکہ اس موقع پر امین بٹ ‘ خواجہ اسد منا اور زاہد عمران گجر بھی موجود تھے۔ نومنتخب چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف ‘ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سے بھی زیادہ عزم اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن