بھولا گجر قتل کیس کو فوجی عدالت میں بھیجا جائے: نثار جٹ
فیصل آباد (احمدجمال نظامی سے)مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چودھری نثار احمد جٹ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں سوال اٹھائوں گا کہ بھولا گجر قتل کیس میں مجرم ٹارگٹ کلر نوید کمانڈو کے عدالت میں دیئے گئے بیان کو میڈیا نے بے نقاب کیا مگر آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو کیا حق حاصل ہے کہ وہ پریس کانفرنس کرکے پارٹی بنیں‘ ایسے جانبدار حالات میں کیا پولیس کے ذریعے تفتیش کی کوئی حیثیت باقی رہ جاتی ہے۔ ا صل سوال ہے کہ تفتیش ہونی چاہئے ‘ چاہے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں اس میں بری ہوں یا بے قصور ثابت ہوں جائیں۔ کم ازکم پارٹی کی جگ ہنسائی تو بند ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد کے ارکان اسمبلی کو یقین دہانی کروائی تھی کہ بھولا گجر قتل کیس میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی مگر کچھ نہ کیاگیا۔ لہٰذا بھولا گجر قتل کیس کو فوجی عدالت میں بھیجا جائے تاکہ ساری خام خیالیوں کا خاتمہ ہوسکے۔چودھری نثار جٹ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران عوام نے چوہدری شیر علی کے میئر گروپ کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔ ورکرز میئر گروپ واضح برتری سے فتح یاب ہوچکاہے۔ آئندہ بھی ورکرز میئر گروپ سے پارٹی کارکن میئر اور ڈپٹی میئرز بنیں گے۔ شیر علی بروقت قدم اٹھا کر ورکر میئر گروپ تشکیل نہ دیتے تو کارکن بد دل ہو کر تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں میں چلے جاتے۔ شیر علی نے دراصل پارٹی پر احسان کیا ہے ۔آئندہ بھی کارکنوں کو عزت دیتے ہوئے ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور سندھ میں بھی آپریشن کامیابی سے چل رہا ہے۔ پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے اس آپریشن پرجو تحفظات ہیں‘ وہ آپریشن کے آگے سوالیہ نشان ہیں ‘ میرا خیال ہے ‘ پنجاب میں بھی سندھ کی طرز پر کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ اگر نہ ہوئی تو پیپلزپارٹی وغیرہ اپنے آپ کو سیاسی شہید کہلوا کر سیاسی فائدہ اٹھائے گی۔ دراصل پورے ملک میں سندھ کی طرز پر سخت آپریشن کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں بھی ساری سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو چیک کیا جانا ضروری ہے۔ پنجاب میں چوروں‘ لیٹروںاور قاتلوں کیخلا ف آپریشن وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔