چھٹی کے روز بھی لوڈشیڈنگ، شہروں میں 8 ، دیہات میں 12 گھنٹے بجلی بند
لاہور (کامرس رپورٹر + نامہ نگاران) ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ اور شارٹ فال میں کمی کے باوجود ہفتہ وار تعطیل کو بھی لوڈشیڈنگ کا بلاتعطل سلسلہ جاری رہا۔ جس کی وجہ پیداوار میں کمی بتائی جا رہی ہے۔گزشتہ روز شہروں میں 8 گھنٹے اور دیہات میں 12 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ پن بجلی کی پیداوار کم ہونے کے باوجود بجلی کی پیداوار کے دیگر ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 14ہزار 500 میگاواٹ جبکہ پیداوار11 ہزار میگاواٹ رہی طلب و رسد میں ساڑھے 3ہزار میگاواٹ کا فرق برقرار رہا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق کئی علاقوں میں گیس کی بندش کے باعث خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اووربلنگ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس پر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ کاروبار زندگی شدید متاثر ہوا۔ قصور میں لوڈشیڈنگ 8سے 9 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے جبکہ موسم سرما کے آغاز سے ہی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ لوڈشیڈنگ سے کاروباری طبقہ بُری طرح متاثر ہو رہا ہے جبکہ صنعت کا پہیہ جام ہوکر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے مزدور طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ اووربلنگ سے بھی لوگ پریشان ہیں۔