پیر محل: مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی مخدوم علی رضا انتقال کرگئے‘ نماز جنازہ آج ہوگی
شہباز شریف کی شرکت متوقع، وزیراعظم نواز شریف جمالی، چوہدری سرور اور دیگر کا اظہار تعزیت
ٹوبہ ٹیک سنگھ + پیر محل (نامہ نگاران) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید علی رضا شاہ طویل علالت کے بعد وفات پاگئے، مرحوم ایک بار رکن قومی اسمبلی اور حلقہ پی پی 89 سندھیلیانوالی (ناصر نگر) سے 5 مرتبہ منتخب ہوئے۔ وہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے بھی رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، غلام مصطفی کھر کے قریبی دوستوں میں سے تھے اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں صوبائی وزیر بھی بنے۔ مخدوم سید علی رضا شاہ عارضہ جگر سمیت متعدد موذی امراض میں مبتلا تھے اور ان دنوں ڈاکٹرز ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھے۔ پرویز مشرف کے دور میں آزاد امیدوارکی حیثیت سے ایم پی اے منتخب ہوئے اور بعد میں(ق) مسلم میں شامل ہوئے۔ گزشتہ دو عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ مرحوم کی وفات پر وزیراعظم وزیر اعلیٰ سمیت اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا جبکہ انتقال کی خبر ملتے ہی سندھیلیانوالی میں کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف کے علاوہ ظفر اللہ جمالی، پرویزالٰہی، چوہدری سرور، چوہدری اسد الرحمن کے علاوہ اہم سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے مخدوم سید علی رضا کی وفات پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مرحوم مخدوم سید علی رضا شاہ کی نماز جنازہ آج صبح 10بجے دن ان کے آبائی گائوں ناصر نگر میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔