• news

وہاڑی: 5 مرلہ پلاٹ کیلئے بااثر افراد کے ہاتھوں زخمی ہونیوالا محنت کش 8 ماہ بعد چل بسا، لواحقین کا روڈ بلاک کر کے احتجاج

وہاڑی (نامہ نگار) 5 مرلہ پلاٹ کو ہتھیانے کے چکر میں بااثر دولتانہ خاندان نے غریب محنت کش کو کلہاڑیوں کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا جو 8 ماہ بعد چل بسا۔ لیگی ایم این اے تہمینہ دولتانہ ا ور ایم پی اے عرفان دولتانہ کی پشت پناہی کرنے پر ملزمان 8 ماہ گزرنے کے باوجود گرفتار نہ ہو سکے۔ لواحقین نے پولیس کے خلاف روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا۔ تھانہ لڈن کے نواحی موضع خان گڑھ کا رہائشی نیاز 23 مارچ کو اپنے ڈیرہ پر سویا ہوا تھا کہ سلیم دولتانہ، رزاق دولتانہ، حمید دولتانہ، اسمٰعیل دولتانہ اور 2 نامعلوم افراد نے کلہاڑیوں کے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی نیاز تقریبا8 ماہ قومہ میں رہنے کے بعد چل بسا۔ لواحقین طالب حسین ، فلک شیر ، احمد علی ، امجد علی ، محمد فیاض نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ لیگی ایم این اے تہمینہ دولتانہ اور ایم پی اے عرفان دولتانہ کے رشتہ دار ہیں اسی وجہ سے پولیس بھی ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ رابطہ پر ایم این اے تہمینہ دولتانہ کے ترجمان نے موقف میں بتایا کہ ہماری ملز مان سے کوئی رشتہ داری نہیں اور نہ ہی ہم ملز مان کی سرپرستی کرتے ہیں تمام الزامات بے بنیاد ہیں دُکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن