گوجرانوالہ: پوسٹر لگانے کا تنازعہ، لیگی کارکنوں کی فائرنگ سے کونسلر کا امیدوار بہن سمیت زخمی، تین ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پوسٹر لگانے کے تنازعہ پر مسلم لیگی کارکنوں نے فائرنگ کر کے جنرل کونسلر کے امیدوار کو بہن سمیت زخمی کر دیا۔ 3 ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔ احمد نگر کے علاقہ اوچاکلیر کی یونین کونسل 18 میں پوسٹر لگانے کے تنازعہ پر امیدوار مسلم لیگ (ن) برائے جنرل کونسلرعطاء اللہ کے بیٹے اعجاز احمد کلیر نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر جونیجو لیگ کی نشست پر الیکشن لڑنے والا جنرل کونسلر کا امیدوار غلام دستگیر اور اس کی بہن سائرہ زخمی ہو گئے جبکہ ملزم فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی خاتون سائرہ کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے تین ملزموں نعمان، عبا س اور ارشاد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔