• news

ماڈل ایان کے مقدمہ سے کئی بڑی شخصیات پریشانی کا شکار

اسلام آباد (آن لائن) ڈالر گرل ماڈل ایان علی کے مقدمے کی وجہ سے کئی بڑی شخصیات پریشانی کا شکار ہیں۔ ایان علی کی رہائی کے لئے کئی مقتدر شخصیات نے آئینی و قانونی معاونت کی پیش کش کی ہے تاہم ماڈل نے تن تنہا یہ قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر رکھا ہے بعض سیاسی اور کاروباری شخصیات کی ٹیکس عدم ادائیگی کے معاملات بھی کھلنے والے ہیں۔ کسٹم عدالت کے فیصلے کے خلاف خوبرو ماڈل رواں ہفتے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گی۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ ماڈل ایان علی نے کسٹم عدالت کی جانب سے بریت کی درخواست خارج ہونے پر چپ کا روزہ توڑنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے بعض سیاسی اور کاروباری شخصیات کو بہت بڑی پریشانی کا سامنا ہے جن میں حکومتی بااثر افراد بھی شامل ہیں ماڈل سے خفیہ طور پر ڈیل کرنے کے لئے کئی ایجنٹس مسلسل کام کر رہے ہیں۔ تاہم ایان علی نے براہ راست مذاکرات پر آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔ ماڈل کو قانونی مدد کی پیشکش بھی کی گئی ہے جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ ٹھکرا دی ہے۔ شخصیات چاہتی ہیں کہ ایان علی کے خلاف مقدمے جلد سے جلد ختم ہوں۔ چالان تک مکمل کرانے میں مشکلات بھی اسی وجہ سے ہیں تاہم حالات ان شخصیات کے ہاتھوں سے نکل چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ پریشانی کا شکار ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ماڈل کے ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد اشتہاری اور دیگر کاروباری مصرورفیات رکی ہوئی ہیں ماڈل چاہتی ہیں کہ ان عدالتوں سے اس کی جلد سے جلد جان چھوٹ جائے اور وہ بیرون ملک جا سکیں اس کے لئے انہوں نے بعض شخصیات کو آخری سگنل بھی دے دیا ہے اگر ان کی رہائی نہ ہو سکی تو وہ اپنی بند زبان کھولنے پر مجبور ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن