فیصل آباد: 7 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالے مجرموں کی عدم گرفتاری پر ورثاء کا مظاہرہ
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صدر کے علاقہ سے7سالہ بچے کو اغواء کرکے زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرموں کی عدم گرفتاری اور پولیس کی جانبداری کیخلاف مقتول بچے کے ورثاء کا سڑک بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ، ایک شخص کی درخت کے ساتھ لٹک کر خودکشی کی کوشش۔ تین گھنٹے تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے راستہ بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین مذاکرات کے بعد منتشر ہوگئے۔ 9محرم الحرام کو 7سالہ وسیم کواغواء کرکے نامعلوم شخص نے زیادتی کے بعد قتل کردیاتھا۔ مقتول بچے کی نعش 11روز بعد کھیتوں سے برآمد ہوئی تب پولیس نے اغواء و قتل کے مقدمات درج کئے تھے جبکہ غفلت پر سی پی او نے ایس ایچ او تھانہ صدر کو معطل کردیاتھا۔ لواحقین نے شک کی بناء پر ایک ملزم کو گرفتار کروایاتھا جسے پولیس نے بغیر تفتیش کے جیل بھجوادیا جس پرمقتول بچے وسیم کے لواحقین مشتعل ہوگئے اور احتجاجاً جڑانوالہ روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا صدر پولیس ملزموں کو پکڑنے میں کردار اداکررہی ہے اور جو ملزم پکڑوا گیا ہے اسے اتنی جلد جوڈیشل کیوں کروایا گیاہے۔ پولیس ملزموں کے ساتھ مل گئی تین گھنٹے تک روڈ بلاک رہنے سے ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں، موقع پر ایس ایس پی آپریشن عرفان اللہ خان نیازی نے پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کئے اورجلد انصاف کی یقین دہانی کروائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقہ مکوانہ میں زیادتی کے بعد بچے کے قتل پر لواحقین کے احتجاج کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔