بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں بھی کوئی تیر کا مقابلہ نہیں کر سکے گا: بلاول
ٹنڈو جام (آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ضلع حیدرآباد پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کے نذارنے پیش کئے ہیں۔ 19 نومبر تیر اور عوام کی فتح کا دن ہوگا۔ پیپلزپارٹی حیدرآباد کے بلدیاتی امیدواروں سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع حیدر آباد پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے اور رہیگا اور 19 نومبر کو عوام تیر پر مہر لگا کر اس بات کو ثابت کردینگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے جمہوریت کی بقا ء کی خاطر اور آمریت کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام کے دلوں سے پیپلز پارٹی کی محبت کو ختم نہیں کرسکتا۔ پیپلز پارٹی کی کارکردگی کی بناء پر پہلے مرحلے میں عوام نے بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا اب دوسرے مرحلے میں بھی تیر کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کارکنان کو زور دیا کہ وہ عوام سے رابطوں کو مضبوط سے مضبوط بنائیں اور عوام کے بنیادی مسائل پر خصوصی توجہ دیکر انہیں حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد ضلع حیدرآباد کا تفصیلی دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سندھ نہیں پورا پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ ہے۔ جاگیرداروں سرمایہ داروں سے غریب عوام کو حقوق دلائے جائینگے۔