تجربہ کامیاب، پاکستانی، برطانوی ڈاکٹروں نے سرطان کے موذی مرض کو شکست دیدی
لندن(اے این این) پاکستانی اور برطانوی ڈاکٹروں کی ٹیم نے کینسر کا آسان اور فوری علاج دریافت کر لیا، ڈاکٹروں نے دنیا میں پہلی بار ڈیزائنز خلیات سے سرطان کے موذی مرض کو مات دے دی، یہ تجربہ کینسر کے مرض میں مبتلا ایک نومولود بچی کے مدافعتی نظام میں جینیاتی انجینئرنگ سے کیا گیا جس کے بعد لاعلاج قرار دی جانے والی بچی صحت یاب ہو گئی، ڈاکٹروں کی ٹیم میں پاکستانی ڈاکٹر وسیم جعفر بھی شامل تھے۔ برطانوی ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا ایک نومولود بچی کے مدافعتی نظام میں جینیاتی انجینئرنگ سے اس کا کامیاب علاج کر لیا گیا ہے۔ اس دوران سرطان کے علاج کے لیے پہلی بار ڈیزائنر سیلز کا استعمال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی پروفیسر ڈاکٹر وسیم جعفر نے کہا ہم نے اس طریقہ کار کو ابھی تک صرف ایک انتہائی صحت مند بچی پر استعمال کیا ہے۔ اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ علاج دیگر بچوں کے لیے بھی مناسب ہوگا۔ جینیاتی انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں یہ ایک تاریخی پیشرفت ہے۔ اگر یہ طریقہ کار کامیاب ہو جاتا ہے تو لیوکیمیا اور دیگر اقسام کے سرطانوں کے علاج کے لیے یہ ایک بڑی جست ثابت ہو سکتا ہے۔