• news

سی ڈی اے میں تعینات رہے کئی ڈی ایم جی افسروں کیخلاف کارروائی شروع

اسلام آباد (وقائع نگار) ایف آئی اے نے سی ڈی اے میں تعینات رہنے والے ڈی ایم جی افسروں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ دو سابق چیئرمینز، بورڈ ممبران، خواتین ڈی ایم جی آفیسرز اور ڈپٹی ایم ڈی پاکستان بیت المال کو لینڈ و سٹیٹ کے معاملات میں شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔ امتیاز عنایت الٰہی، فرخند اقبال، ایس ایم فاروقی، خالد مرزا اور شائستہ سہیل کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ کارروائی حالیہ دور میں ہونیوالی خلاف ضابطہ پلاٹس کی ٹرانسفرز، منسوخ شدہ پلاٹس کی کم قیمت پر بحالی اور کمرشل پلاٹس کی پول آکشن جیسے امور پر کی گئی۔ سابق چیئرمین امتیاز عنایت الٰہی، فرخند اقبال سابق ممبر سٹیٹ ایس ایم فاروقی، خالد مرزا اور شائستہ سہیل کے خلاف لینڈ و بحالیات کے امور میں غفلت برتنے اور مبینہ طور پر کرپشن کرنے کے اقدام پر ایکشن لیا گیا۔ علاوہ ازیں سٹیٹ مینجمنٹ میں تعینات رہنے والی خاتون ڈپٹی ڈائریکٹر سیدہ شفق ہاشمی جو اس وقت ڈائریکٹر پی ایچ اے کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہی ہیں جبکہ ان کے ساتھ بطور ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ کام کرنے والے موجودہ ڈپٹی ایم ڈی پاکستان بیت المال چوہدری محمد اسلم کو تفتیش میں شامل کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن